اسلام آباد : (جاگو پاکستان) اپوزیشن رہنما اور ن لیگ کے سربراہ میاں محمد شہباز شریف کو طبیعت خراب ہونے پر اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار اپوزیشن رہنما اور پاکستان مسلم لیگ ن کے سربراہ میاں شہباز شریف کی جمعرات 4 فروری کو اچانک طبعیت خراب ہوئی۔ پولیس حکام نے انہیں سخت سیکیورٹی میں کوٹ لکھپت جیل سے اسپتال منتقل کیا۔
انہیں لاہور کے انمول اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔ اس موقع پر اسپتال کے اندر اور باہر سیکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ شہباز شریف کو بلڈ کینسر کا مرض بھی لاحق رہا ہے۔
اسپتال انتظامیہ کے مطابق اپوزیشن رہنما کا پیٹ اسکین بھی ہوگا۔ اسپتال کا اسپیشل بورڈ شہباز شریف کا علاج کر رہا ہے۔
واضح رہے کہ ن لیگی سربراہ میاں محمد شہباز شریف کو گزشتہ سال ستمبر میں گرفتار کیا گیا تھا۔
شہباز شریف کے وکلا کی جانب سے پیش کیے گئے دلائل کے بعد لاہور ہائی کورٹ نے درخواست ضمانت مسترد کرنے کا فیصلہ کیا جس کے بعد نیب اہلکاروں نے قائد حزبِ اختلاف کو کمرہ عدالت کے باہر سے گرفتار کیا تھا۔
شہباز شریف نے منی لانڈرنگ کے الزام میں گزشتہ سال2020 جون میں ضمانت کیلئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔ اس الزام کے تحت چلنے والے کیس پر لگ بھگ 4 ماہ تک سماعت ہوتی رہی اور اس دوران مختلف 2 رکنی بینچز نے سماعت کی۔
0 Comments