اسلام آباد : (جاگو پاکستان) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ہزارہ کمیونٹی کے لوگ بہت مشکل میں بیٹھے ہیں۔ ملک میں ہزارہ کمیونٹی پر بہت ظلم ہوا ہے۔ آج شہداء کی تدفین کر دیں، میں آج ہی کوئٹہ آجاؤں گا۔
اسلام آباد میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے متعلق منعقدہ تقریب سے خطاب میں وزیراعظم نے گفتگو کا آغاز ہزارہ برادری کے ذکر سے کیا۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ کسی وزیراعظم کو اس طرح بلیک میل نہیں کیا جاسکتا۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہزارہ کمیونٹی کے لوگ بہت مشکل میں بیٹھے ہیں۔ ملک میں ہزارہ کمیونٹی پر بہت ظلم ہوا ہے۔ حکومت پوری طرح ہزارہ کمیونٹی کے ساتھ کھڑی ہے۔ نائن الیون کے بعد ہزارہ کمیونٹی کو ظلم و ستم کا نشانہ بنایا گیا بھارت پاکستان میں انتشار پھیلانے کی کوشش کر رہا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہزارہ کمیونٹی کے تمام مطالبات مان لیے گئے ہیں، صرف ایک بات پر اصرار نہ کریں، لواحقین آج ہی شہداء کی تدفین کردیں تو میں آج ہی کوئٹہ چلا جاؤں گا۔ صرف آپ لوگوں سے اپیل ہے، تدفین میں تاخیر نہ کریں، جس وقت تدفین کریں گے میں اسی لمحے کوئٹہ چلا جاؤں گا۔
واضح رہے کہ مچھ کوئلہ فیلڈ میں کام کرنے والے 10 کان کنوں کے قتل کے خلاف لواحقین اور اہل علاقہ کا کوئٹہ کے مغربی بائی پاس پر دھرنا آج 8 جنوری کو چھٹے روز میں داخل ہوگیا ہے۔
کوئٹہ میں اپنے پیاروں کی میتوں کے ہمراہ دھرنے دیئے بیٹھے افراد نے بدستور میتوں کی تدفین وزیراعظم عمران خان کی کوئٹہ آمد سے مشروط کر رکھی ہے، جب کہ مظاہرین اور حکومت کے درمیان ڈیڈلاک برقرار ہے۔
رواں ماہ 3 جنوری کو بلوچستان کے ضلع بولان کے علاقے مچھ کی کوئلہ فیلڈ میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا جس میں نامعلوم دہشت گردوں نے کان کنوں کو آنکھوں پر پٹیاں اور ان کے ہاتھ پاؤں باندھ کر انہیں اس وقت ذبح کیا ، جب کان کن اعلیٰ الصبح فیلڈ پر جانے کیلئے موجود تھے۔
حملے کی ذمہ داری عالمی دہشت گرد تنظیم داعش کی جانب سے ان کی ویب سائٹ عماق پر قبول کی گئی تھی۔ یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل بھی ہزارہ برادری اور دیگر مسلک سے وابستہ افراد پر حملے اور قتل کی ذمہ داری داعش کی جانب سے قبول کی گئی۔
قبل ازیں ایم ڈبلیو ایم نے وزیراعظم کے کوئٹہ نہ آنے پر اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کا اعلان کیا تھا۔ مجلس وحدت المسلمین کے مرکزی رہنما آغا رضا کا کہنا تھا کہ عمران خان کی آمد تک دھرنا جاری رکھیں گے۔ اگر عمران خان دھرنے میں نہ آئے تو شہداء کے جنازوں کے ساتھ اسلام آباد مارچ کرینگے۔
وزیراعظم کب کوئٹہ جائیں گے؟وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کو مظلوموں کا احساس ہے۔ رواں ہفتے وزیراعظم کوئٹہ جائیں گے۔ وزیر داخلہ بلوچستان ضیا لانگو کا کہنا تھا کہ مظاہرین کے تمام مطالبات مان لئے، جب کہ افغان حکومت نے اپنے شہریوں کی میتیں بھیجنے کا مطالبہ کیا ہے۔
0 Comments