اسلام آباد : (جاگو پاکستان) سیکیورٹیز اینڈ ایکس چینج کمیشن آف پاکستان نے میوچل فنڈز میں سرمایہ کاری کیلئے آن لائن اکاؤنٹ کھولنے کی سہولت کی اجازت دیدی، سرمایہ کاری کرنیوالے افراد کی تصدیق آن لائن ہو سکے گی، سرمایہ کاری اکاوئنٹ کھولنے کیلئے مختلف فارمز پر دستخطوں اور ڈیکلریشن کی شرائط بھی ختم کردی گئیں۔
پاکستان میں اسمارٹ سرمایہ کاری کے نئے دور کا آغاز کرتے ہوئے سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے ایسٹ مینجمنٹ کمپنیوں (اے ایم سیز) کے سرمایہ کاروں کے آن لائن اکاؤنٹ کھولنے کا طریقۂ کار متعارف کروادیا۔ میوچل فنڈز میں سرمایہ کاری کیلئے نئے ڈیجیٹل اکاؤنٹ کی سہولت استعمال کرتے ہوئے کہیں سے بھی سرمایہ کاری کرسکتے ہیں۔
اعلامیے کے مطابق میوچل فنڈز میں اپنا اکاؤنٹ کھولنے کیلئے تمام معلومات اور دستاویزات آن لائن جمع کروائی جاسکتی ہیں، جبکہ سرمایہ کار (صارف) کی تصدیق کا عمل بھی آن لائن ہی مکمل کیا جائے گا۔
ایس ای سی پی کے مطابق ایسٹ مینجمنٹ کمپنیاں سرمایہ کار کی تصدیق اور براہ راست رابطہ کیلئے اسکائپ اور واٹس ایپ کے ذریعے بھی رابطہ کر سکیں گی، سرمایہ کاروں کی آسانی کیلئے مختلف فارمز پر دستخط اور ڈیکلریشن کی شرائط بھی ختم کردی گئی ہیں۔
ایس ای سی پی کا کہنا ہے کہ آن لائن اکاؤنٹ کھولنے کا یہ نیا نظام نان بینکنگ فنانشل سیکٹر اور کیپٹل مارکیٹ کی ترقی کو یقینی بنانے کیلئے ایس ای سی پی کے اصلاحاتی ایجنڈے کا تسلسل ہے، جس سے میوچل فنڈ انڈسٹری میں جدت پیدا ہوگی۔
سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے مطابق اس اقدام سے کمپنیوں کے مابین مقابلے کے رجحان اور ملک میں مالیاتی شمولیت کو فروغ ملے گا۔
0 Comments