بلوچستان حکومت نے صوبے کا پہلا چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ کالج بنانے کا اعلان کردیا ہے۔صوبائی وزیر تعلیم نے کہا ہے کہ بلوچستان کے پاس صرف 25 رجسٹرڈ چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ ہیں۔
بلوچستان حکومت نے صوبے کا پہلاچارٹرڈ اکاؤنٹنٹ کالج کوئٹہ میں بنانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
اس سلسلے میں صوبائی وزیر تعلیم سردار یار محمد رند نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ ایک نجی کالج کے ساتھ مل کر شروع کیا گیا ہے۔ اس وقت بلوچستان کے پاس رجسٹرڈ چارٹڈ اکاؤنٹنٹ 25 ہیں،نیا کالج بننے کے بعد یہ تعداد بڑھے گی۔
صوبائی وزیر تعلیم سردار یار محمد رندنے مزید بتایا کہ پہلے بلوچستان کے طلبہ دوسرے صوبے اور بیرون ملک جاتے تھے جس کی وجہ سے اخراجات بہت ہوتے تھے تاہم اب یہ تعلیم اپنے صوبے میں ہی حاصل کریں گے۔
سیکرٹری ہائر ایجوکیشن کمیشن نےکہا کہ کالج کے قیام سے طلباء کا دیرینہ مطالبہ پورا ہو گا اور انہیں اپنے صوبے میں روزگار میسر آئے گا۔
انھوں نے امید ظاہر کی کہ 10برس بعد بلوچستان سے چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ نہ صرف صوبے بلکہ ملک
اوربیرون ملک بھی خدمات سر انجام دینے کے قابل ہوں گے۔
محکمہ تعلیم کے حکام کا کہنا ہے کہ اس کالج کےلیے ابتداء میں سرکاری عمارت دی جائے گی اور5 سال بعد کالج انتظامیہ خود اپنی عمارت کا بندوبست کرے گی۔
0 Comments