Latest News

10/recent/ticker-posts

Header Ads Widget

Responsive Advertisement

وزیر اعلیٰ سندھ نے سیلاب سے جاں بحق افراد کی امداد وفاق کے کھاتے میں ڈال دی

اسلام آباد : (جاگو پاکستان)  وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے وزیراعظم کے نام ایک اور خط لکھ دیا ہے، خط میں کراچی کا دورہ کرنے پر شکریہ ادا کرنے کے ساتھ ساتھ حالیہ بارشوں اور سیلاب میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لئے فی کس پانچ لاکھ روپے امداد وفاقی حکومت کے کھاتے میں ڈال دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ممکنہ سیلاب کے پیش نظر مراد علی شاہ نے سکھر بیراج کا دورہ کیا،اس موقع پر چیف انجینئر سکھر بیراج نے انہیں سیلاب سے متعلق تفصیل سے آگاہ کیا۔

حکام نے وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا کہ گڈو بیراج پر اونچے اور سکھر بیراج پر درمیانے درجے کا سیلاب ڈیکلیئر کردیا گیا ہے،گڈو بیراج پر پانی کی آمد پانچ لاکھ کیوسک اور سکھر بیراج پر چار لاکھ کیوسک ریکارڈ کی گئی ہے،جس کے باعث قادرپور لوپ بند،آگانی بند، زیرو پوائنٹ، علی واہن بند پر پانی کا دباؤ بڑھنے لگا ہے۔

حکام نے مراد علی شاہ کو بتایا کہ پانی کا دباؤ بڑھنے کے باعث کشمور، سکھر، شکارپور اور گھوٹکی کے کچے کا علاقہ زیر آب آگیا ہے،جس کے باعث  لوگوں کی بڑی تعداد نقل مکانی کررہی ہے جبکہ ٹوڑی بند کی دراڑیں بند کرنے کا کام مسلح افراد کی فائرنگ کی وجہ سے بند کردیا گیا ہے۔

وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے اس موقع پر متعلقہ حکام کو متاثرین سیلاب کی ہر ممکن مدد کرنے اور ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی۔

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو میں مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ میں مون سون سیزن نے بڑی اور ناقابل تلافی تباہی مچائی ہے،اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ آج وزیراعظم پاکستان کے نام ایک اور خط لکھا ہے، جس میں کراچی کا دورہ کرنے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور ساتھ ہی حالیہ بارشوں اور سیلاب میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لئے وفاق کو امداد دینے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں حکومت سندھ کام کر رہی ہے، وفاق سے بھی امداد کی ضرورت ہے،حالیہ بارشوں اور سیلاب کے باعث سندھ میں ایک سو چھتیس افراد جاں بحق ہوئے جبکہ بیس اضلاع کے تئیس لاکھ افراد متاثر ہوچکے ہیں۔

Post a Comment

0 Comments