Latest News

10/recent/ticker-posts

Header Ads Widget

Responsive Advertisement

پسماندہ علاقوں میں انٹرنیٹ کی فراہمی اور بہتر کوریج پر خصوصی توجہ دی جائے، وزیراعظم

اسلام آباد : (جاگو پاکستان) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں انٹرنیٹ کی سہولت کی فراہمی اور بہتر کوریج کو یقینی بنانے پر خصوصی توجہ دی جائے۔

وزیرِاعظم عمران خان کی زیرصدارت ملک میں انٹرنیٹ کی کوریج کو بڑھانے اور بہتر بنانے کے حوالے سے اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر برائے آئی ٹی، وفاقی وزیر تعلیم، سیکریٹری آئی ٹی، چئیرمین پی ٹی اے، سی ای او یونیورسل سروس اور دیگر افسران نے شرکت کی۔

وزیر اعظم کو ملک بھر میں انٹرنیٹ کی کوریج اور بہتر سروس کی فراہمی کے حوالے سے  بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم کو یو ایس ایف کی جانب سے گزشتہ دو سال کے منصوبوں اور رواں سال کے اہداف کے بارے میں بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی، جبکہ اجلاس کے دوران انضمام شدہ علاقوں میں انٹرنیٹ کی سہولت کی فراہمی کے حوالے سے پیشرفت پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ یو ایس ایف کی جانب سے انٹرنیٹ کی سروسز کی بہتر فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے فائبر آپٹک بچھانے پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ دور میں انٹرنیٹ کی فراہمی ایک اہم ضرورت بن چکی ہے۔ نوجوان نسل کے پوٹینشل کوبروئے کار لانے کیلئے ضروری ہے کہ ان کی تعلیم تک آسان رسائی کو یقینی بنایا جائے۔ اس مقصد کیلئے بھی انٹرنیٹ کی وسیع کوریج اور آسان دستیابی نہایت ضروری ہے۔

عمران خان نے کہا کہ اسکولوں میں انٹرنیٹ کی آسان اور سستی فراہمی کے حوالے سے ضروری اقدامات کیے جائیں۔ جبکہ دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں انٹرنیٹ کی سہولت کی فراہمی اور بہتر کوریج کو یقینی بنانے پر خصوصی توجہ دی جائے۔

وزیرِاعظم نے ٹیلی کام سیکٹر میں حکومت کی جانب سے مزید مراعات دینے کے حوالے سے کمیٹی قائم کرنے کی ہدایت کردی۔ وزیراعظم کی جانب سے مشیر خزانہ، وزیر برائے صنعت و پیدوار، وزیرِ منصوبہ بندی، وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی اور وزیرِ تعلیم پر مشتمل کمیٹی قائم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔


Post a Comment

0 Comments